نئی دہلی،6اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی اورہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعودمحمدالساتی نے آج یہاں ملاقات کی اور حج مسافروں کی سہولیات سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اس سال تقریباََ 1لاکھ 30ہزار عازمینِ حج سعودی عرب حج سفر پر جا رہے ہیں۔نقوی نے سعودی عرب میں کام کرنے والے ہندوستانی کارکنوں کے مفادات کی حفاظت کیلئے وہاں کی حکومت کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔سرکاری پریس ریلیز کے مطابق نقوی نے کہاکہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت پرانے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی اونچائیاں ملی ہیں۔نقوی نے آج یہاں جموں اور کشمیر کے حج اور وقف امور کے وزیر احمد ادرابی سے بھی ملاقات کی۔نقوی اور ادرابی نے جموں و کشمیر میں تعلیم، روزگار سے متعلق مختلف مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔نقوی نے کہا کہ مرکز کی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت غریبوں،کمزورطبقوں،پچھڑوں،اقلیت کے اقتصادی سماجی کام کیلئے وقف ہے۔